بنگلورو۔30/جولائی(ایس او نیوز) شہر بنگلور میں فروغ سیاحت کیلئے برانڈ بنگلور عملی منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ جس کے ذریعہ شہر بنگلور کی بین الاقوامی شہرت میں چار چاند لگائے جائیں گے۔ یہ بات آج وزیر سیاحت پریانک کھرگے نے کہی۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ شہر بنگلور کی ہمہ جہت ترقی اور یہاں کی سیاحت کو بڑھاوا دینے کیلئے ان کی صدارت میں بنگلور ٹورزم اڈوائزری کمیٹی قائم کی گئی ہے۔ عالمی سطح پر بنگلور کی سیاحت کو بڑھاوا دینے کے ساتھ بنگلور کی روایتی شہرت کو مختلف ممالک میں عام کرنے اور سیاحوں کو بنگلور کی طرف راغب کرنے کی مہم چلائی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ بنگلور میں فروغ سیاحت کو آنے والے دنوں میں میرانڈ بنگلور کے طو ر پر متعارف کرایا جائے گا۔ میرانڈ بنگلور کے تحت شہر بنگلور کے تصور کو ایک نئی سمت دی جائے گی۔عالمی سطح پر سیاحت کے منتخب مقامات میں بنگلور کا شمار کرنے کیلئے یہاں کے ماحولیاتی، تفریحی اور میڈیکل ٹورزم کو بڑے پیمانے پر بڑھاوا دیا جائے گا۔ بنگلور کی دست کاری، یہاں کے میلے اور دیگر تقریبات کا سالانہ ٹائم ٹیبل مرتب کیاجائے گا۔ اس کے علاوہ سیاحوں کی سہولت کیلئے شہر کے بنیادی انفرااسٹرکچر کو بہتر بنانے پر خاص توجہ دی جائے گی۔ پریانک کھرگے نے کہاکہ بنگلور کی تاریخ 2017 میں 480 سال پرانی ہوجائے گی۔ اس موقع پر بنگلور کے بنیادی کنڑیگاؤں نے شہر کی تہذیب وتمدن کو عام کرنے کیلئے کیا خدمات انجام دی ہیں اس کے بارے میں بڑے پیمانے پر تعارفی مجالس کا اہتمام کیا جائے گا۔مسٹر پریانک نے کہاکہ شہر بنگلور ساری دنیا میں واحد کاسموپولیٹن شہر کے طور پر آگے بڑھ رہا ہے۔ 2015کے دوران 1.8 کروڑ غیر ملکی سیاحوں نے بنگلور کا رخ کیا۔ ان میں سے 25فیصد لوگوں نے پہلی بار بنگلور کا رخ کیاہے۔ انہوں نے کہاکہ ان سیاحوں کے ذریعہ شہر کو کم از کم 450ارب ڈالر کی آمدنی ہونی چاہئے تھی جو نہیں ہوئی۔ آنے والے دنوں میں شہر کی روایتی، سائنسی، مذہبی، جنگلاتی، اور ثقافتی سیاحت کو بڑھاوا دینے کے ساتھ شہر کے کھانے پینے کے طریقوں کو عام کرنے کے سلسلے میں بھی محکمہ خصوصی مہم چلائے گا۔